دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل مکیش امبانی کے چھوٹے صاحبزادے اننت امبانی کی بطور 'ایگزیکٹو ڈائریکٹر' نئی تنخواہ نے لوگوں کے ہوش اڑا دیے۔امبانی خاندان کا شمار ایشیا کے امیر ترین خاندانوں میں کیا جاتا ہے جو نہ صرف اپنے شاندار طرز زندگی کے سبب مشہور ہیں بلکہ انکا رہن سہن دیکھ کر کوئی بھی دنگ رہ جائے لیکن اب جو خبر سامنے آئی ہے اس نے تو لوگوں کے ہوش ہی اڑا کر رکھ دیے ہیں۔
LOADING...
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ مکیش امبانی کے تینوں بچے ایشا امبانی، آکاش امبانی اور اننت امبانی اپنے والد کی طرح ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں پوری طرح کامیاب ہیں۔اور اب اس کامیابی کو مزید پر اس وقت لگے جب اننت امبانی کو رِیلائنس انڈسٹریزمیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔جی ہاں اب جبکہ اننت کو اتنا بڑا عہدہ ملا ہے تو اسکی تنخواہ بھی حیران کن ہی ہوگی، اور بالکل ایسا ہی ہے، کیونکہ رپورٹس کے مطابق اننت امبانی کی سالانہ تنخواہ 10 کروڑ سے 20 کروڑ روپے کے درمیان ہوگی۔
رِیلائنس انڈسٹریز میں اننت امبانی کی نئی ذمہ داریاں:
بات کریں اننت کے اس عہدے اور بڑھتی زمہ داریوں کی تو اننت نے اپنے بھائی آکاش اور بہن ایشا کے بعد اب کمپنی میں ایک اہم قیادت کا کردار سنبھال لیا ہے۔ رِیلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ نے 29 جون 2025 کو اپنے شیئر ہولڈرز کو ایک پوسٹل بیلٹ نوٹس کے ذریعے اس تقرری سے آگاہ کیا۔اس نوٹس میں یہ بات واضح طور پر شامل کی گئی تھی کہ،‘ اننت امبانی کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر سالانہ 10 کروڑ سے 20 کروڑ روپے کی تنخواہ دی جائے گی۔اور صرف یہی نہیں بلکہ اس تنخواہ کے ساتھ ساتھ وہ کمپنی کے منافع سے منسلک کمیشن اور دیگر ایگزیکٹو مراعات میں بھی برابر کے شریک ہونگے۔
علاوہ ازیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس عہدے پر فائز ہونے کے بعد اننت امبانی کو مکمل طور پر فرنشڈ اور لگژری رہائش دی جائے گی جس کے ساتھ ہاؤس رینٹ الاؤنس بھی شامل ہوگا۔اس الاؤنس میں گیس، بجلی اور پانی جیسے یوٹیلیٹی بلز بھی شامل ہوں گے۔یہ بھی اطلاعات ہیں کہ کمپنی اننت اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے مفت سفری سہولیات بھی فراہم کرے گی۔ اس کردار میں کمپنی کی گاڑیاں، مواصلاتی اخراجات، طبی اخراجات کی واپسی، سیکیورٹی اور عملے کی سہولیات بھی شامل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ سال جب اننت کے بڑے بہن بھائی آکاش اور ایشا امبانی، ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے بورڈ میں نان ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے طور پر شامل ہوئے تھے تو انہیں اس وقت کوئی تنخواہ نہیں دی گئی تھی۔انہیں صرف 4 لاکھ روپے بطور بیٹھک فیس اور 97 لاکھ روپے بطور کمیشن دیا گیا تھا، لیکن اب اننت کی تنخواہ اور دیگر الاؤنس انکی کامیابی کا ثبوت دے رہے ہیں۔کیونکہ اننت امبانی، امبانی خاندان کے پہلے فرد ہیں جنہیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔
اننت کے بارے میں مزید:
تعلیمی محاذ پر بات کریں تو اننت امبانی نے اپنی انڈرگریجویٹ تعلیم امریکہ کی مشہور براؤن یونیورسٹی سے مکمل کی ہے۔ وہ جیو پلیٹ فارمز اور ریلائنس ریٹیل وینچرز کے بورڈز کے رکن بھی ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ ریلائنس فاؤنڈیشن میں بھی فعال کردار ادا کرتے ہیں۔صرف یہی نہیں، اننت نے اپنے خوابوں کے منصوبے ’ونتارا’ پر بھی کام کیا ہے، جو ایک مخصوص وائلڈ لائف پریزرویشن پروجیکٹ ہے اور دنیا کا سب سے بڑا چڑیا گھر اور ریہیبلیٹیشن سینٹر بننے کی طرف گامزن ہے۔