دنیا میں مسافر وں اور طیاروں کی حفاظت کےلیے محفوظ ترین اقدامات کئے جا تے ہیں کیا آپ کبھی دیکھا ہے کہ کسی ائیر پورٹ کے رن وے پر ریل کی پٹری بھی ساتھ چلتی ہو۔ نیوزی لینڈ کا گِسبورن ایئرپورٹ پر ایک انوکھا منظر دیکھنے کو ملتا ہے جہاں ریل گاڑیاں اور ہوائی جہاز ایک ہی جگہ اور ایک ہی رن وے پرساتھ ساتھ چلتے ہیں، ایک دوسرے کا انتظار کرتے ہیں اور اپنی اپنی راہ اختیار کرتے ہیں۔
LOADING...
یہ نظام اپنی نوعیت کا منفرد ترین انتظام ہے۔ ہوائی اڈے کا عملہ ریل لائن کے سگنلز کو کنٹرول کرتا ہے، تاکہ جب ہوائی جہاز لینڈ کر رہے ہوں یا اڑان بھر رہے ہوں تو ریل گاڑیوں کو روکا جا سکے اور جب ریل گاڑی گزر رہی ہو تو ہوائی جہاز انتظار کرے۔ اس انوکھے بندوبست کی بدولت نہ صرف حادثات سے بچاؤ ہوتا ہے بلکہ مسافروں کو بہترین سہولت بھی میسر آتی ہے۔ گِسبورن سٹی وینٹیج ریل وے کے تحت چلنے والی بھاپ سے چلنے والی پرانی ریل گاڑیاں موریوائی اور گِسبورن کے درمیان سفر کرتی ہیں۔
یہ تاریخی لوکوموٹوز سال میں تقریباً 15 مرتبہ، خصوصاً گرمیوں کے موسم میں، جب سیاحتی کروز شپ آتی ہیں، رن وے کراس کرتی ہیں۔ یہ نادر مناظر ہوائی اڈے کے عملے کی محنت اور مکمل شیڈولنگ کی بدولت بغیر کسی خلل کے انجام پاتے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے 62 ہوائی اڈوں میں سے ایک، گِسبورن ایئرپورٹ، ایلگِن علاقے میں واقع ہےاگرچہ یہ ہوائی اڈہ چھوٹا سا ہے، مگر یہاں سالانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں اور ہفتے میں 60 سے زائد گھریلو پروازیں انجام پاتی ہیں۔
اس کی ڈیزائننگ میں تین ذیلی رن ویز بھی شامل ہیں جو اس کی فعالیت اور حفاظت کو مزید بڑھاتے ہیں۔ دنیا بھر میں گیسورن کے علاوہ کہیں بھی ایسا دوسرا ہوائی اڈہ نہیں جہاں ایک فعال رن وے پرریل گاڑیاں چلتی ہوں۔ ٹاسمانیاء کے وینیارڈ ایئرپورٹ میں بھی کبھی ایسا انتظام تھا، لیکن وہاں 2005 میں ریل آپریشن بند کر دیا گیااس اعتبار سے گِسبورن ایئرپورٹ تکنیکی اور انتظامی لحاظ سے ایک نادر مثال ہے۔
گِسبورن ایئرپورٹ صرف تکنیکی انفرادیت ہی نہیں بلکہ اپنے آس پاس کے قدرتی مناظر کے لیے بھی مشہور ہے۔ یہاں کے پرسکون ساحل، ہری بھری کھیتیاں اور صاف ستھرا ماحول ہر مسافر کو دلکشی کا احساس دلاتا ہے۔ لیکن سب سے زیادہ توجہ کا مرکز وہ منظر ہے جب ایک ریل گاڑی اور ایک ہوائی جہاز ایک دوسرے کا انتظار کرتے ہوئے رن وے پر کھڑے ہوتے ہیں۔
یہ انوکھی صورتحال، جب کیمروں میں قید ہو کر سوشل میڈیا پر وائرل ہو جاتی ہے توہر دیکھنے والے کو حیران اور محظوظ کر دیتی ہے۔ اگر آپ اگلی بارنیوزی لینڈ کا سفر کریں تو گِسبورن ایئرپورٹ کی یہ منفرد خوبصورتی اور انتظامی تکنیک ضرور دیکھیں۔ یہ جگہ نہ صرف مہم جوئی کی روح کو زندہ کرتی ہے بلکہ انسان کی محنت اور قدرت کے حسین امتزاج کی بھی بہترین مثال ہے۔