ٹک ٹاک نے ”فور یو فیڈ“ کو مزید محفوظ بنانے کیلئے نئے ٹولز متعارف کرا دیے

TikTok introduces new tools to make the “For You Feed” more secure
ٹک ٹاک نے صارفین کو اپنی ”فور یو فیڈ“ (For You Feed) پر مزید کنٹرول دینے کے لیے نئے ذاتی نوعیت کے ٹولز متعارف کرا دیے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد صارفین کو نہ صرف اپنے پسندیدہ موضوعات کو بہتر انداز میں دریافت کرنے کا موقع دینا ہے بلکہ غیر مطلوبہ مواد کی حد بندی اور سفارشات کے نظام کو بہتر طور پر سمجھنے میں بھی مدد فراہم کرنا ہے۔

LOADING...

ٹک ٹاک کی ”فور یو فیڈ“ پلیٹ فارم کا مرکزی حصہ ہے، جو دنیا بھر کے صارفین کو ان کے من پسند مواد، تخلیق کاروں اور کمیونٹیز سے جوڑتی ہے۔ پاکستان میں بھی اس فیچر نے کئی نوجوان تخلیق کاروں کو شہرت اور کیریئر کا موقع دیا ہے — جیسے عدیل چوہدری کا فوڈ کانٹینٹ، حمنہ زاہد (Samosiiii) کی بیوٹی ٹپس، ڈاکٹر ذکیہ نور (Doctor Zakk) کے جمالیاتی مشورے، اور مومن ثاقب کا مزاح و سماجی تبصرہ۔

”مینج ٹاپکس“ — دلچسپیوں کے مطابق مواد ترتیب دینے کا نیا فیچر

ٹک ٹاک نے ”Manage Topics“ کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جو صارفین کو 10 سے زائد مشہور زمروں جیسے فنون لطیفہ، سیاحت، فطرت، کھیل اور دیگر موضوعات کی ویڈیوز کی تعداد کو اپنی دلچسپی کے مطابق کم یا زیادہ کرنے کی سہولت دے گا۔ اگرچہ کوئی مواد مکمل طور پر ہٹایا نہیں جائے گا، لیکن صارف اب ویڈیوز کی ظاہری تعداد کو اپنی پسند کے مطابق ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔

”سمارٹ کی ورڈ فلٹرز“ — اے آئی سے تقویت یافتہ مواد پر قابو

ٹک ٹاک نے ”Smart Keyword Filters“ بھی متعارف کرائے ہیں جو مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ہیں۔ یہ فیچر موجودہ کی ورڈ فلٹرز کو مزید بہتر بناتا ہے جو دنیا بھر میں 20 کروڑ سے زائد الفاظ کو بلاک کر چکے ہیں۔ نیا فیچر اب خودکار طور پر متبادل اور مترادف الفاظ کو بھی پہچان لے گا، جس سے صارفین کو زیادہ گہرائی کے ساتھ فلٹرنگ کا اختیار ملے گا۔ آنے والے مہینوں میں فلٹر کی حد 100 سے بڑھا کر 200 کی جائے گی اور بلک ایڈیٹنگ فیچر بھی شامل کیا جائے گا۔

تعلیمی رہنمائی — ”فور یو فیڈ“ کو سمجھنے کا نیا انداز

ٹک ٹاک نے ایک نیا تعلیمی گائیڈ بھی جاری کیا ہے جو صارفین کو بتاتا ہے کہ ”فور یو فیڈ“ کیسے کام کرتا ہے، اور انہیں دستیاب ٹولز کیسے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ اس گائیڈ میں ایسی ویڈیوز بھی شامل ہیں جنہیں اب تک دنیا بھر میں 18 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

ترجمان کا بیان

ٹک ٹاک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’فور یو فیڈ ہی وہ عنصر ہے جو ٹک ٹاک کو منفرد بناتا ہے۔ یہ نہ صرف نئے دلچسپ مواد کو دریافت کرنے کا ذریعہ ہے بلکہ ایک مضبوط کمیونٹی بنانے میں بھی مدد دیتا ہے۔ ہم پرجوش ہیں کہ صارفین کو ذاتی نوعیت کے مزید ٹولز دے رہے ہیں جو انہیں محفوظ اور خوشگوار ماحول میں اپنے شوق دریافت کرنے میں مدد دیں گے۔‘

ذمہ دارانہ سفارشات کا نظام

یہ تمام فیچرز نوجوان اور بالغ دونوں صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے اور ان کے تحت نامناسب یا حساس مواد کو فور یو فیڈ کی سفارشات سے ہٹایا جائے گا، خاص طور پر نو عمر صارفین کے لیے۔ساتھ ہی صارفین کو یہ سہولت دی جائے گی کہ وہ ویڈیو پر ”دلچسپی نہیں ہے“ کا انتخاب کریں یا ”ریسٹرکٹیڈ موڈ“ آن کریں۔ کچھ اقسام کے مواد — جیسے انتہائی فٹنس پر مبنی ویڈیوز — کو بار بار دکھائے جانے سے روکا جائے گا تاکہ ان کے نفسیاتی اثرات سے بچا جا سکے۔یہ تمام اپ ڈیٹس ٹک ٹاک کے اس مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ صارف کو بہتر تجربہ، زیادہ شفافیت اور بھرپور کنٹرول دیا جائے — ایک ایسا ماحول جہاں وہ نہ صرف تفریح لے سکیں بلکہ خود کو محفوظ بھی محسوس کریں۔





اشتہار


اشتہار