نامناسب انداز میں کیوں چھوا، اداکارہ سارہ عمیر نے ہدایت کار کو تھپڑ جڑ دیا

نامناسب انداز میں کیوں چھوا، اداکارہ سارہ عمیر نے ہدایت کار کو تھپڑ جڑ دیا
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی تجربہ کار اداکارہ سارہ عمیر نے ایک انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ماضی میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ایک ہدایت کار نے بار بار انہیں نامناسب طریقے سے چھوا جس پر انہوں نے سب کے سامنے  ہدایت کار کو تھپڑ رسید کرکے واضح کر دیا کہ وہ ان کے ساتھ مزید کام نہیں کر سکتیں۔سارہ عمیر نے یہ واقعہ حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کے دوران بیان کیا جہاں ان کے ساتھ اداکارائیں اریج چوہدری اور میمونہ قدوس بھی موجود تھیں۔

LOADING...
 پروگرام کے دوران اریج چوہدری اور میمونہ قدوس نے بھی اپنے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات شیئر کیے جبکہ سارہ عمیر نے اپنے تجربات بتاتے ہوئے ماضی کے ایک تلخ واقعے کا ذکر کیا۔ناخوشگور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے اداکارہ سارہ عمیر نے بتایا کہ اپنے کریئر کے ابتدائی دور میں جب وہ سندھ کے ایک چھوٹے سے قصبے میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے گئی تھیں تو وہاں اس ڈرامے کےڈائریکٹر  نے کئی مرتبہ انہیں نامناسب انداز میں چھوا جس پر انہیں شدید غصہ آیا۔


سارہ عمیر کے مطابق کئی سال قبل شوٹنگ کے دوران کھانے کی میز پر ایک ہدایت کار نے انہیں ٹیبل کے نیچے سے انہیں چھوا جس پر وہ چونک گئیں اور فوراً اٹھ کر میز کی دوسری طرف چلی گئیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ میز چھوٹی ہونے کے باوجود ہدایت کار نے انہیں دوبارہ ٹیبل کے نیچے سے چھوا جس پر وہ بہت پریشان ہوئیں کیونکہ  پہلی بار انہیں لگا کہ شاید انہوں نے غلطی سے چھوا ہوگا لیکن دوسری مرتبہ چھونے پر انہیں یقین ہو گیا کہ یہ جان بوجھ کر کیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود انہوں نے خاموشی اختیار کی۔

اداکارہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اگلے روز شوٹنگ کے دوران انہوں نے دیکھا کہ وہ ہدایت کار تمام اداکاروں کو ہدایات دیتے ہوئے انہیں نامناسب انداز میں چھو رہا تھا اور جب اس نے انہیں بھی اسی طرح چھوا یہاں تک کہ ان کی چھاتی پر ہاتھ لگایا تو ان کا غصہ برداشت سے باہر ہو گیا۔سارہ عمیر نے بتایا کہ اس پر انہوں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اس ہدایت کار کو سب کے سامنے تھپڑ مار دیا اور واضح الفاظ میں کہہ دیا کہ وہ اس جیسے گھٹیا شخص کے ساتھ مزید کوئی کام نہیں کر سکتیں۔سارہ عمیر نے اپنے تجربے کا موازنہ انڈسٹری کے سینئر اور قابل احترام ہدایت کار کاظم پاشا کے ساتھ کیا جنہیں وہ اپنا استاد مانتی ہیں۔

یہ موازنہ کرتے ہوئے سارہ کا کہنا تھا کہ کاظم پاشا نے کبھی کسی اداکارہ کو غلط انداز میں نہیں چھوا اور نہ ہی کوئی نامناسب بات کی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کاظم پاشا کبھی کسی اداکارہ کو چھوتے بھی تھے تو وہ شفقت اور احترام پر مبنی ہوتا تھا لیکن کم عمر ہدایت کاروں کا رویہ اس کے برعکس ہوتا ہے۔واضح رہے کہ اداکارہ  سارہ عمیر نے اس ہدایت کار کے نامناسب رویے کی تفصیلات تو  بتائیں لیکن انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا اور نہ ہی یہ بتایا کہ یہ واقعہ کس ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا تھا۔ تاہم ان کے اس انکشاف نے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں کام کرنے والی خواتین فنکاروں کو پیش آنے والی مشکلات اور نامناسب رویوں پر ایک بار پھر روشنی ڈالی ہے۔





حوالہ

اشتہار


اشتہار