مومو اور اسپرنگ رول بنانے والی فیکٹری کے فریج سے کتے کا سر برآمد

Dog's head found in fridge of momo and spring roll factory
بھارتی پنجاب کے ضلع موہالی میں صحت عامہ کے حکام نے ایک مومو اور اسپرنگ رول بنانے والی فیکٹری کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جہاں صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال پائی گئی اور فریج سے ایک کتے کا کٹا ہوا سر برآمد ہوا۔

LOADING...

یہ انکشاف اس وقت ہوا جب ضلعی محکمہ صحت اور میونسپل کارپوریشن نے علاقے میں غیر معیاری اور غیر محفوظ خوراک تیار کرنے والے یونٹس پر چھاپے مارے۔ موہالی کے ماتاور گاؤں میں قائم اس فیکٹری کے حوالے سے حکام کو ایک ویڈیو ملی تھی، جس میں وہاں کی بدترین صفائی کی حالت دکھائی گئی تھی۔

چھاپے کے دوران، ایک افسر کو فریج میں کتے کا سر ملا، جو مبینہ طور پر پگ نسل کے کتے کا تھا۔ تاہم، حکام نے وضاحت کی کہ فیکٹری میں تیار کی جانے والی خوراک میں کتے کے گوشت کا استعمال نہیں ہو رہا تھا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، فیکٹری میں کام کرنے والے کارکنوں کا تعلق نیپال سے تھا، اور یہ سر مبینہ طور پر ان کے ذاتی استعمال کے لیے رکھا گیا تھا۔

یہ فیکٹری گزشتہ دو سالوں سے چندی گڑھ، پنچکولا اور کلکا کے مختلف علاقوں میں روزانہ ایک قنٹل سے زیادہ مومو اور اسپرنگ رولز فراہم کر رہی تھی۔محکمہ صحت کی ٹیموں نے فیکٹری سے خراب اور باسی گوشت، خراب کھانے کے نمونے، اسپرنگ رولز، مومو اور چٹنیوں کے سیمپلز بھی حاصل کیے، جنہیں لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، کتے کے سر کو بھی ویٹرنری ڈیپارٹمنٹ بھیجا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اسے فیکٹری کے کھانے کی تیاری میں استعمال کیا جا رہا تھا یا نہیں۔میونسپل کارپوریشن نے فیکٹری کے مالک پر 12,000 بھارتی روپے جرمانہ عائد کیا، جبکہ پلاسٹک بیگز کی بڑی مقدار ملنے پر مزید 10,000 کا اضافی جرمانہ بھی کیا گیا۔یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔




اشتہار


اشتہار