بھارت کی ریاستی انسداد دہشت گردی سکواڈ (اے ٹی ایس) اور ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کی احمد آباد زونل یونٹ نے پیر کی شام شہر کے پلڈی علاقے میں ایک بند فلیٹ پر چھاپہ مار کر 95.5 کلو گرام سونا، دیگر قیمتی اشیاء اور تقریباً 70 لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی۔
LOADING...
یہ کارروائی اے ٹی ایس کو موصول ہونے والی ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ ایک باپ بیٹے کی جوڑی جو ممبئی اور احمد آباد میں کاروبار کرتی ہےمبینہ طور پر غیر قانونی طور پر قیمتی سامان ذخیرہ کر رہی ہے،ذرائع کے مطابق مشتبہ افراد کی شناخت میگھ شاہ اور ان کے والد مہندرا شاہ کے طور پر ہوئی ہے جو احمدآباد میں مہالکشمی مندر کے قریب اویشکر اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے3 سال قبل یہ فلیٹ کرائے پر لیا تھا تاہم چھاپے کے وقت یہ گھر خالی تھا جس کی وجہ سے ابھی تک مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ نہیں کی جا سکی۔ تحقیقات سے وابستہ ایک اہلکار نے بھارتی میڈیا کو بتایا ابتدائی معلومات کے مطابق مشتبہ افراد سٹاک بروکرز ہیں جو احمد آباد اور ممبئی میں کاروبار کرتے ہیں چونکہ برآمد شدہ قیمتی اشیاء کی مقدار بہت زیادہ ہے۔
اس لیے ان سے ملکیت کے ثبوت اور متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے کو کہا جائے گا، فی الحال کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا لیکن اگر سونا سمگل شدہ پایا گیا تو تحقیقات شروع کی جا سکتی ہیں۔‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ سونے کے حوالے سے ایک نظریہ یہ بھی ہے کہ یہ صرف باپ بیٹے کی ملکیت نہیں، بلکہ اس میں دیگر افراد کی رقم بھی شامل ہو سکتی ہے، جو ممکنہ طور پر ان کے ساتھ کاروباری تعلق رکھتے ہیں۔ تاہم، حتمی تصدیق مشتبہ افراد سے تفتیش کے بعد ہی ممکن ہوگی۔