ٹین ایجرز یا نوعمربچوں کی بے عزتی یا نافرمانی اکثر والدین کے لیے ایک چیلنج بن جاتی ہے، لیکن یہ جاننا بےحد ضروری ہے کہ اس رویے کے پیچھے کیا محرکات ہوسکتے ہیں-یہ رویہ دراصل زیادہ تر نوعمری کے دوران ہونے والی جسمانی، جذباتی، اور ذہنی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔ اس دوران بچے اپنی آزادی کا اظہار کرنے اور خود کو ایک الگ شناخت دینے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں۔
LOADING...
آزادی کا اظہار
نوعمری (Teenage) کا دور بچوں کے لیے خودمختاری کی طرف پہلا قدم ہوتا ہے۔ وہ اپنی رائے اور خیالات پر زور دینے کی کوشش کرتے ہیں، جو کبھی کبھار والدین کے ساتھ اختلاف کا باعث بنتا ہے۔
ذہنی نشوونما
اس عمر میں ذہنی اور جسمانی تبدیلیاں بچوں کو گہرائی سے سوچنے اور سوالات کرنے پر اکساتی ہیں۔ یہ تبدیلیاں ان کے رویے میں حساسیت پیدا کر سکتی ہیں۔
سماجی دباؤ
دوستوں کی تقلید اور دوسروں کو متاثر کرنے کی خواہش بھی بچوں کے رویے اثرانداز ہوتی ہے۔اسکے علاوہ اسکول، دوستوں، یا دیگر مسائل کے باعث بچے دباؤ محسوس کر سکتے ہیں، جس کا جذباتی اظہار وہ بدتمیزی کے ذریعے کرتے ہیں۔
گھر میں مثبت رویے کو فروغ دینے کے اقدام
مثبت رویے کو فروغ دینے کے لیے پرسکون رہیں، جب بچہ بدتمیزی کرے، تو آپ کا سکون ہی ماحول کو بہتر بنائے گا۔غصے سے گریز کریں اور بات چیت کو دوستانہ رکھیں۔خاندان میں احترام کے اصول واضح کریں اور ان پر عملدرآمد کروائیں۔بچوں کے سامنے وہی رویہ اپنائیں جو آپ ان میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ آپ کا طرزِ عمل ان کے لیے رہنما ہوگا۔جب بچہ مثبت رویہ اختیار کرے، تو ان کی تعریف کریں تاکہ وہ اچھے عمل کو اپنانے کی حوصلہ افزائی محسوس کریں۔بچوں کو ان کے غلط رویے کے نتائج سمجھائیں، لیکن ان پر سختی نہ کریں۔
اختلاف سے بچنے اور بچوں کے ساتھ بہتر تعلقات کے نکات
غصے یا تنازعے کی صورت میں گفتگو کو روک دیں اور بعد میں پرسکون ماحول میں بات کریں ہر حال میں بحث سے بچیں۔ہلکے پھلکے مزاح سے ماحول کو خوشگوار بنائیں، لیکن طنز سے بچیں۔بچوں کی باتوں کو ذاتی نہ لیں اور مسئلے کو سمجھنے کی کوشش کریں۔اپنے بچوں کے ساتھ معیاری وقت گزاریں تاکہ وہ آپ کو اپنا اعتماد اور محبت دے سکیں۔
اپنے بچے کے ساتھ تعلق کو دوستانہ بنائیں تاکہ وہ آپ سے اپنی باتیں شیئر کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔بغیر دباؤ ڈالے، بچوں کو درست فیصلے کرنے میں رہنمائی کریں۔یاد رکھیں کہ یہ مرحلہ عارضی ہے اور وقت کے ساتھ بچوں کی سمجھ بوجھ بہتر ہوتی جائے گی۔ آپ کے صبر، محبت، اور رہنمائی سے بچے سیکھیں گے کہ اختلافات کو احترام کے ساتھ کیسے سنبھالا جاتا ہے۔ آپ کا مثبت رویہ ان کی شخصیت میں نکھار پیدا کرے گا۔