اسپین حکومت کی جانب سے اپریل 2025 میں گولڈن ویزا پروگرام کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نئے قانون کے تحت یہ فیصلہ سرکاری گزٹ میں اشاعت کے تین ماہ بعد مؤثر یا نافذ العمل ہوگا۔گولڈن ویزا پروگرام کے ذریعے اسپین میں رہائش حاصل کرنے میں دلچسپی رکھنے والے غیر یورپی یونین کے شہریوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 اپریل 2025 ہے۔
LOADING...
دسمبر 2024 میں اسپین کی کانگریس آف ڈپٹیز نے گولڈن ویزا پروگرام کی منظوری کے لیے ووٹ دیا تھا۔ شینگن ڈاٹ نیوز کے مطابق، تجویز کو ایک کم مارجن سے منظور کیا گیا، جس کے حق میں 177 اور مخالفت میں 170 ووٹ ملے۔نئے قانون کے مطابق غیر یورپی یونین کے سرمایہ کار 3 اپریل 2025 تک 5 لاکھ یورو یا اس سے زائد مالیت کی پراپرٹی خرید کر اسپین گولڈن ویزا کے لیے اہل ہوسکتے یا اس اسکیم کی دیگر متبادل سہولیات کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اپریل 2024 میں اسپین حکام نے گولڈن ویزا پروگرام کے خاتمے کا منصوبہ پیش کیا، جن میں اسپین کے وزیراعظم، پیڈرو سانچیز نے کہا کہ حکومت وہ تمام تر ضروری اقدامات عمل میں لائے گی تاکہ رہائش صرف سرمایہ کاری کا ذریعہ نہ بنے بلکہ ایک حق کے طور پر بھی میسر ہو۔یاد رہے کہ اسپین کا اپنے گولڈن ویزا پروگرام کو ختم کرنے کا فیصلہ ہاؤسنگ کے بحران کو بہتر طریقے سے سنبھالنے کی کوشش میں کیا گیا۔