شادی کسی بھی جوڑے کے لیے بہت خاص دن ہوتا ہے لیکن بعض اوقات کچھ ایسا ہوتا ہے کہ دولہا دلہن سمیت مہمان بھی ہکا بکا رہ جاتے ہیں۔شادی کا ایسا ہی دلچسپ واقعہ مصر میں پیش آیا جب عین رخصتی کے وقت پولیس شادی ہال میں داخل ہوئی تو یہ منظر دیکھ کر سب حیران وپریشان ہوگئے۔
LOADING...
عرب میڈیا کے مطابق مصر میں ایک شادی کی تقریب جاری تھی اور دلہن کی رخصتی کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔ انتظار تھا تو صرف بینڈ باجے والوں کا کہ شہنائیوں کی گونج میں دلہن کو رخصت کیا جانا تھا۔تاہم دولہا، دلہن اور باراتیوں کے ارمان اس وقت ٹھنڈے پڑ گئے جب انہوں نے بینڈ باجے کے بجائے پولیس کو شادی ہال میں داخل ہوتے دیکھا۔
رپورٹ کے مطابق دلہن کی رخصتی کے لیے بینڈ باجا جس ٹرک پر لایا جا رہا تھا، اس کے ڈرائیور نے شادی ہال جلد پہنچنے کی کوشش میں راستے میں تین افراد کو کچل ڈالا تھا۔حادثے کے حوالے سے مصری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیور شادی ہال میں جلدی پہنچنے کی کوشش میں انتہائی تیز رفتاری سے ٹرک چلا رہا تھا کہ اچانک اس کی زد میں دو افراد آگئے، جنہیں وہ روندتا ہوا نکل گیا۔
آگے جا کر اس نے ایک اور شخص کو کچل دیا جو موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ڈرائیور تیسرے شخص کو بھی کچل کر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ لوگوں نے اسے پکڑ لیا اور پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے آ کر اسے ٹرک سمیت اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس نے شادی ہال پہنچ کر بینڈ باجے کے منتظر باراتیوں کو بتایا کہ اب بینڈ باجا نہیں آئے گا کیونکہ اس کے ٹرک ڈرائیور نے تین افراد کو کچل دیا ہے جس پر اس کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس نے کہا کہ دلہن کی رخصتی بغیر بینڈ باجے کے ہی کی جائے، اس کو سن کر وہاں لوگوں کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔