تھائی لینڈ میں ایک شخص کو خشک کنویں میں گرنے کے 3 دن بعد کرشماتی طور پر زندہ نکال لیا گیا۔یہ حیران کن واقعہ تھائی لینڈ کے صوبے تاک کے علاقے Mae Sot میں پیش آیا۔مقامی پولیس کے مطابق ایک چینی شہری اس خشک کنویں میں گرگیا تھا اور اس کی مدد کی پکار کو مقامی افراد کسی بھوت کی آواز سمجھتے رہے۔
LOADING...
مقامی پولیس کو لوگوں کی جانب سے 24 نومبر قریبی جنگل سے عجیب آوازوں کو رپورٹ کیا گیا تھا۔جب پولیس اہلکار اور امدادی اداروں کے افراد معاملے کی تحقیقات کرنے کے لیے جنگل میں پہنچے تو انہوں نے عجیب آوازیں سنی آوازوں کا تعاقب کرتے ہوئے انہوں نے ایک چینی شخص کو دریافت کیا جو جنگل میں واقع 12 میٹر گہرے کنویں کے اندر پھنسا ہوا تھا۔
اس شخص کو کنویں سے نکالنے کا آپریشن 30 منٹ تک جاری رہا۔اس شخص کی حالت کافی خراب تھی، بائیں کلائی ٹوٹ چکی تھی جبکہ پورے جسم پر خراشیں موجود تھیں۔اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔بعد ازاں مترجم کی مدد سے اس شخص سے بات کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ 22 سالہ لیو چونیائی ہے جو 3 دنوں سے اس کنویں خوراک اور پانی کے بغیر پھنسا ہوا تھا۔
اپنی توانائی بچانے کے لیے وہ ہر گھنٹے میں صرف ایک بار مدد کے لیے چیختا تھامگر مقامی افراد ان آوازوں سے خوفزدہ ہوگئے اور انہوں نے اس کے بارے میں جاننے کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔اب لیو چونیائی کی حالت خطرے سے باہر ہے اور امدادی ٹیموں کا خیال ہے کہ وہ جنگل میں بھٹک گیا تھا اور وہاں سے نکلنے کی کوشش میں کنویں میں گرگیا۔حکام کی جانب سے کنویں کو بند کر دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں دوبارہ ایسا حادثہ نہ ہو۔