ٹرمپ کی جیت پر عمران خان خوشی سے نہال

Imran Khan rejoiced over Trump's victory
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت پر جہاں اس کے حامی خوشی منارہے ہیں تو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان بھی خوشی سے نہال ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کہتے ہیں کہ علی محمد خان نے کہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ٹرمپ کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء علی محمد خان نے کہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں بتایا کہ جو بائیڈن کے دور میں مداخلت ہوئی اور اس دور میں جو منفی رویہ تھا، ٹرمپ کے آنے سے وہ نیوٹرل ہو جائے گا تو فرق تو پڑے گا۔

LOADING...

عمران خان نے ٹرمپ کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ جب میں وزیراعظم تھا تو میرا ٹرمپ سے رابطہ رہتا تھا اور ایک اچھا دوستانہ تعلق تھا،  اگر وہ لوگ آتے ہیں جن سے اچھا تعلق رہا ہے تو یہ اچھی پیش رفت ہے۔  علی محمد خان کے مطابق انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ڈائیلاگ کی بات کی، عمران خان نے اس سے اتفاق کیا مگر کہا کہ آگے بڑھنے کا راستہ صرف احتجاج ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا معاملہ پاکستان میں ہی مکمل ہوگا امریکا سے نہیں۔

دوسری جانب صحافیوں سے گفتگو میں علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حالیہ قانون سازی سے سپریم کورٹ کو کمزور کیا گیا ہے، تحریک انصاف نے ملک کی بہتری کیلئے قانون سازی کی ہمیشہ حمایت کی ہے، آئینی ترمیم پر اپوزیشن سے حکومت نے رابطہ کیوں نہیں کیا۔پی ٹی آئی رہنماء رؤف حسن نے کہا کہ امریکا میں پی ٹی آئی کے لوگوں نے بانی کی رہائی کیلئے مہم چلائی اس دوران ان کی ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم سے بھی دو بار ملاقات ہوئی جس میں معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی امید نہیں لگائی کہ ٹرمپ کے جیتنے سے بانی پی ٹی آئی آزاد ہوجائیں گے، ان کی رہائی کیلئے ہمیشہ عدلیہ، پارلیمان اور پرامن احتجاج کا سہارا لیا۔





اشتہار


اشتہار