ٹک ٹاک وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو نوجوانوں میں بہت زیادہ مقبول ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹک ٹاک نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے نوجوانوں میں ڈیجیٹل سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے ڈیجیٹل حفاظت (DigitalHifazat#) نامی مقابلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
LOADING...
اس مقابلے کے تحت ٹک ٹاک صارفین کو ایسی مختصر ویڈیوز تیار کرنی ہوں گی جن میں 6 موضوعات پر روشنی ڈالی گئی ہو۔ ان موضوعات میں سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال، آن لائن ہراس کا مقابلہ، آن لائن دھوکہ دہی کی روک تھام، نوجوانوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا، ٹک ٹاک کے سیفٹی ٹولز کو سمجھنا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غلط معلومات کا تدارک شامل ہیں۔اس مقابلے کا مقصد سوشل میڈیا صارفین میں آن لائن تحفظ اور شیئر کرنے سے قبل معلومات کی تصدیق کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔
صارفین DigitalHifazat# ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنی ویڈیوز پوسٹ کرکے مقابلے میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ٹک ٹاک پر مقابلے کے آفیشل ہیش ٹیگ پیج پر فارم بھر کر ویڈیوز کے ساتھ جمع کرانا ضروری ہے۔ 20 اکتوبر سے 5 نومبر 2024 تک جاری رہنے والے مقابلے کے نتائج کا اعلان آفیشل ہیش ٹیگ پیج پر کیا جائے گا اور 3 افراد کو انعامات بھی دیے جائیں گے۔