صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے77 سال سے کشمیریوں کی خودارادیت کو دبایا ، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
LOADING...
صدر آصف علی زرداری نے کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء جنوبی ایشیا کی تاریخ میں سیاہ باب ہے، آج کے دن بھارت نے جموں و کشمیر پر قبضے کے لیے فوج کشی کی۔صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی افواج کا جبر برداشت کر رہے ہیں، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو عسکریت زدہ علاقے میں بدل دیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ان کے حق خود ارادیت کے حصول تک کھڑا رہے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 77 سال قبل آج کے دن بھارت نے سری نگر پر اپنی افواج اتاریں اور جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی قابض افواج انسداد دہشت گردی کے سخت قوانین کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہیں تاہم یہ جابرانہ اقدامات کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی تڑپ کو کم نہیں کر سکتےانہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے حتمی حل تک ان کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔