بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان آن لائن پلیٹ فارم نیٹ فلکس کے لیے ایک رومانوی کامیڈی فلم بنانے جا رہے ہیں جس میں ان کے بھانجے اداکار عمران خان 9 برس بعد نظر آئیں گے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی نئی فلم کا اعلان کیا ہے، یہ فلم نیٹ فلکس پر نشر کی جائے گی جبکہ اس میں عامر خان کے بھانجے عمران خان کو 9 برس بعد اسکرین پر دیکھا جا سکے گا۔
LOADING...
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عامر خان کے لیے یہ پروجیکٹ بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ اس کے ذریعے ہی ان کے بھانجے عمران خان اداکاری کی دنیا میں واپس قدم رکھ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ بالی ووڈ کی فلم ’جانے تو یا جانے نہ‘ اور ’دہلی بیلی‘ جیسی فلموں سے شہرت حاصل کرنے والے عمران خان نے حالیہ چند برس سے بالی ووڈ سے وقفہ لیا ہوا تھا، اب وہ اپنے ماموں کی ہدایت کاری میں بننے والی رومانٹک اور کامیڈی فلم میں نظر آئیں گے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نیٹ فلکس کے لیے تیار کی جانے والی اس فلم میں بطور ہیروئن کس اداکارہ کو کاسٹ کیا جا رہا ہے اس حوالے سے فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ دوسری جانب فلم شائقین عمران خان کی بالی ووڈ میں دوبارہ واپسی پر انتہائی پُرجوش نظر آ رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عامر خان کی جانب سے اس فلم کی کاسٹ، شوٹنگ اور ریلیز سے متعلق جلد ہی باضابطہ طور پر اعلان کیے جانے کا امکان ہے