لاہور میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، چھت گرنے سے بچی جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، بارش سے انڈرپاس جیل روڈ پر پانی جمع ہو گیا، ٹریفک پولیس نے انڈر پاسز سے ڈائیورشن لگا دی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق گھجومتہ بابا بلے شاہ انٹر چینج کے قریب گاؤ میں مکان کی چھت گر نے سے بچی جاں بحق جبکہ 5افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور میں طوفانی بارش سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو گئی۔
LOADING...
لاہور میں سب سے زیادہ 350 ملی میٹر بارش ائرپورٹ کے اطراف میں ریکارڈ کی گئی، نشتر ٹائون 282، اقبال ٹائون 232، پانی والا تالاب کے علاقہ میں 226 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔جوہر ٹائون 220، قرطبہ چوک 218، چوک ناخدا 217، فرخ آباد میں 215 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔
لاہور کے علاقے سبزہ زار، حسن ٹاؤن، اعوان ٹاؤن اور اقبال ٹاؤن بھی بجلی سے محروم ہو گئے، موٹروے ایم ٹو، پنڈی بھٹیاں شیخوپورہ، مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد اور اوکاڑہ کے مقامات پر بارش ہوئی۔موٹروے ایم تھری پر لاہور فیض پور سے ننکانہ صاحب تک بارش کا سلسلہ جاری ہے، پتوکی اور رائے ونڈ میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،اسلام آباد کے مختلف سیکٹرزمیں بھی بارش ہوئی، مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور میں سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں بارش اور سیوریج کا پانی داخل ہو گیا، ایمرجنسی میں داخل ہونے والے پانی نے ہر طرف بدبو پھیلا دی ہے، لاہور میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، کالج روڈ اور شوکت خانم روڈ پر درخت گر گئے۔بارش کا پانی میو اسپتال کی ایمرجنسی میں بھی داخل ہو گیا۔
پنجاب اسمبلی کے عقب میں ڈیوٹی فری شاپ روڈ پر بارش کا پانی جمع ہو گیا ہے، انڈر پاسز میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔لاہور میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، تمام دفاتر کو چھٹی دے دی گئی، اسکولز بھی بند کر دیے گئے، کمشنر لاہور نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔