ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی

Major change in the procedure for obtaining a driving license
 ڈرائیونگ لائسنس کا نظام مکمل ‘پیپر لیس’ کر دیا گیا، اب شہری صرف اپنا اصل شناختی کارڈ لائیں گے اور لائسنس حاصل کر سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ لائسنسنگ پراسیس کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز اور پیپر لیس کرنے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔اس اقدام کا مقصد شہریوں کو طویل کاغذی کارروائی سے نجات دلانا اور ان کے قیمتی وقت کی بچت کرنا ہے۔

LOADING...

آئی جی اسلام آباد اور چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) محمد سرفراز ورک نے اس نئے نظام کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ اب شہریوں کو کسی قسم کا فارم، فوٹو کاپی یا پاسپورٹ سائز تصاویر ساتھ لانے کی ضرورت نہیں۔ شہری صرف اپنا اصل شناختی کارڈ لائیں گے اور لائسنس حاصل کر سکیں گے۔انھوں نے بتایا کہ میڈیکل فارم بھرنے سے لے کر لائسنس کی وصولی تک کا تمام تر عمل اب کمپیوٹرائزڈ اور پیپر لیس ہو چکا ہے۔خدمت مراکز میں خواتین اور سینئر سٹیزنز کے لیے خصوصی الگ کاؤنٹرز مختص کیے گئے ہیں۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر آئی جی سید علی ناصر رضوی نے تمام کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور ٹریفک پولیس کی ٹیم کو قلیل وقت میں اس منصوبے کو مکمل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ بہت جلد لائسنس فیس کی ادائیگی کے نظام کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا جائے گا۔چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک نے تمام خدمت مراکز کے انچارجز کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ اس پیپر لیس نظام پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کے ساتھ انتہائی مہذب اور اخلاق سے پیش آیا جائے تاکہ پولیس کے مثبت امیج کو فروغ مل سکے۔






اشتہار


اشتہار