فرانسیسی سائیکلسٹ جولین برنارڈ کو سائیکل ریس کے دوران بیوی کا بوسہ لینا مہنگا پڑگیا۔سائیکل ریس 'ٹور ڈی فرانس ٹائم ٹرائل' میں بڑی تعداد میں سائیکلسٹ نے حصہ لیا، جہاں فرانسیسی سائیکلسٹ جولین برنارڈ کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ریس کے دوران جولین برنارڈ ایک مقام پر رکے اور دوستوں سے ملنے کے بعد وہاں کھڑی اپنی اہلیہ کا بوسہ لے لیا جنہوں نے ان کے بیٹے کو بھی گود میں لے رکھا تھا۔
ریس کے دوران اہلیہ کا بوسہ لینے پر انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین (یو سی آئی) نے 223 ڈالر جرمانے کی سزا سنائی۔
یونین کی گورننگ باڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جولین برنارڈ پر یہ جرمانہ ریس کے دوران نامناسب رویے اور کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر عائد کیا گیا۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر معافی مانگتے ہوئے فرانسیسی سائیکلسٹ نے لکھا کہ 'میں کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر یو سی آئی سے معذرت خواہ ہوں۔
لیکن میں ہر روز جرمانہ ادا کرنے اور اس لمحے کا دوبارہ تجربہ کرنے کے لیے تیار ہوں'۔ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 'ریس کے دوران اپنے پیاروں سے ملاقات میرے کیریئر کا ایک منفرد لمحہ تھا جسے جینے کے لیے میں نے تیز سائیکل چلائی تاکہ بعد میں اس کے لیے وقت ملے'۔