عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شازیہ منظور نے عوام کو بجلی کا بل کم لانے کا نسخہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دیوا جلائیں اور بتیاں بجھا دیں۔ مہنگائی نے جہاں عوام کی کمر توڑ رکھی ہے ،وہیں بجلی کے مہنگے بلوں نے جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کیا ہے ، مہنگائی کے ستائے عوام اپنی فریاد کی داد رسی نہ ہونے پر بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔
ایسی صورتحال میں گلوکار شازیہ منظور کی ایک دلچسپ ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے عوام کے اس مسئلے کا آسان اور نرالا حل بتایا۔ جب ایک صحافی نے گلوکارہ سے بجلی کے بل سے متعلق سوال پوچھا، تو شازیہ منظور نے کہا کہ اس سوال کا جواب دینا بہت مشکل ہے، کیونکہ میرا بجلی کا بل زیادہ نہیں آیا۔
گلوکارہ شازیہ منظور نے اپنے گانے کے لیرکس کو ہی کچھ اس طرح پیش کیا کہ اس میں پاکستانیوں کو بجلی کے حد سے زیادہ آنے والے بِلوں کا حل مل گیا,گلوکارہ نے اپنا مقبول گانا "بتیاں بجھائی رکھ دی، دیوا بلے ساری رات میرے ہانیا"گاتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے میرا بل زیادہ نہیں آتا۔
انہوں نے پاکستانی عوام کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ، اگر آپ بھی چاہتے ہیں کہ آپ کا بجلی کا بل بھی کم آئے تو آپ بھی اپنے گھر میں میرا یہ گانا لگائیں، اس گانے سے کچھ سیکھیں۔ شازیہ منظور نے مزید کہا کہ دیوا جلائیں اور بتیاں بُجھا دیں، اسی طرح بجلی کے بل کم آسکتے ہیں ،کیونکہ اس کے علاوہ تو کوئی دوسرا راستہ نہیں۔
خیال رہے کہ بجلی کے بلوں کیخلاف عوام کے ساتھ ساتھ شوبز شخصیات بھی آواز اٹھاتی دکھائی دے رہی ہیں۔ ادا کار راشد محمود اور پاکستانی فلموں کی ماضی کی اداکارہ اور فلم پروڈیوسر سنگیتا بھی حکومت سے شکایت کرتے نظر آئے۔