پشاور ائیر پورٹ پر سعودی ائیر لائن کے طیارے کے لینڈنگ گئیر میں آگ لگ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق ریاض سے آنے والے سعودی ایئرلائن کے طیارے کی لینڈنگ کے بعد ائیر ٹریفک کنٹرولر نے بائیں لینڈنگ گئیر میں دھواں اور چنگاریاں دیکھیں۔ائیر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو لینڈنگ گئیر سے دھواں اور چنگاری نکلنے سے آگاہ کیا۔ فائر ٹینڈرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آتشزدگی پر فوراً قابو پاکر جہاز کو بڑے حادثے سے بچا لیا۔
واقعے کے بعد جہاز میں سوار تمام 276 مسافر اور عملے کے 21 ارکان کو انفلیٹبل سلائیڈ کے ذریعے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔