وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ٹیکسلا اور سندر لیبر کالونیوں میں مزدوروں کیلئے 1224 فلیٹ مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ گزشتہ دور حکومت میں 29 ہزار ورکرز کو ڈیتھ اور میرج گرانٹ ادا نہیں کی گئی۔
جس پر وزیراعلی پنجاب نے مزدوروں کےلیے 6 ارب روپے کی واجبات الادا، ڈیتھ اور میرج گرانٹ ادا کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں گارمنٹ سٹی میں خواتین ورکرز کیلئے 2 ہاسٹل بنانے کی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ شیخوپورہ میں 704 خواتین ورکرز کو مفت رہائش فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ٹیکسلا اور سندر لیبر کالونیوں میں مزدوروں کیلئے 1224 فلیٹس مفت دینے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے محکمہ لیبرمیں اصلاحات، آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ اور کم ازکم اجرت کے قوانین پر عملدرآمد کا حکم بھی دیا۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر مزدور کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، پنجاب حکومت نے رواں بجٹ میں کم از کم اجرت 37 ہزار روپے مقرر کی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کم از کم اجرت نافذ کی جائے۔