پیوٹن کی کِم جونگ کے ہمراہ لیموزین ڈرائیونگ کی ویڈیو وائرل

Video of Putin driving limousine with Kim Jong goes viral
روسی صدر کے دورہ شمالی کوریا کے دوران ولادیمیر پیوٹن کی کِم جونگ کے ہمراہ لیموزین ڈرائیونگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ولادیمیر پوٹن 24 سال بعد پہلی مرتبہ شمالی کوریا آئے ہیں، دارالحکومت پیونگ یانگ پہنچنے پر کم جونگ ان نے ان کا شاندار خیر مقدم کیا۔سوشل میڈیا پر وائرل اِس ویڈیو کو دونوں ممالک اور ان کے سربراہان کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت کو ظاہر کرنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔

روسی سرکاری ٹی وی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں پیوٹن لیموزین گاڑی ڈرائیو کرتے نظر آئے جوکہ روس میں ان کی سرکاری صدارتی کار ہے۔پیوٹن کے ہمراہ کم جونگ ساتھ والی نشست پر براجمان نظر آئے، سفر کے دوران دونوں رہنما گپ شپ کرتے اور ہنستے رہے۔گاڑی پر مختصر سفر کے بعد دونوں رہنما ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ چلتے ہوئے گپ شپ کرتے دکھائی دیے۔


رپورٹس کے مطابق پیوٹن نے رواں سال فروری میں کِم جونگ کو روسی ساختہ لیموزین تحفے میں دی تھی اور بعدازاں انہوں نے دوبارہ یہی گاڑی اُن کو تحفے میں دی۔کم جونگ اُن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ گاڑیوں کے شوقین ہیں اور اُن کے پاس کئی غیرملکی لگژری گاڑیاں موجود ہیں جوکہ ممکنہ طور پر اسمگل کی گئی ہیں کیونکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق شمالی کوریا پر لگژری سامان کی برآمد پر پابندی ہے۔
حالیہ دورے کے دوران دونوں ممالک کے سربراہان نے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی معاہدے میں روس یا شمالی کوریا پر کسی تیسرے ملک کے حملہ آور ہونے کی صورت میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کا باہمی دفاعی عہد بھی شامل ہے۔




اشتہار


اشتہار