اسکاٹ لینڈ کے جزائر ویسٹری اور پاپا ویسٹری کے درمیان چلائی جانے والی فلائٹ کو دنیا کی مختصر ترین فلائٹ کا اعزاز حاصل ہے کیونکہ یہ فلائٹ 2منٹ سے بھی کم وقت کے لیے فضا میں رہتی ہے۔
عام طور پر ہم سفر کے لیے گاڑی، بس یا ٹرین کا انتخاب کرتے ہیں لیکن شمالی اسکاٹ لینڈ میں صورتحال کچھ مختلف ہے، یہاں آرکنی جزیرے کے باسیوں کے پاس صرف 2 ہی راستے ہیں، پانی پر فیری (کشتی نما چھوٹے جہاز )کی سواری یا پھر مختصر فلائٹ کا انتخاب۔
جزیرے کے مکینوں میں دوسرا آپشن زیادہ مقبول ہے کیونکہ کشتی کو پانی کے بہاؤ کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے اکثر مشکلات کا سامنا رہتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہاں کے باسی فضائی سفر کو ترجیح دیتے ہیں جسے دنیا کی مختصر ترین کمرشل فلائٹ مانا جاتا ہے۔
دنیا کی مختصر ترین کمرشل پرواز کا آغاز 1967 میں کیا گیا تھا جو صرف 1.7 میل (زیادہ تر بڑے ہوائی اڈوں کے رن وے سے بھی چھوٹا) فاصلہ طے کرتی ہے، یہ سفر ہوائی جہاز سے زیادہ بس کی سواری سے ملتا جلتا ہے کیونکہ اس فلائٹ میں صرف ایک پائلٹ اور 8 نشستیں ہوتی ہیں۔