صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے بعد اب ان کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری نے بھی قومی اسمبلی کی رکن کی حیثیت سے تنخواہ وصول نہیں کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس ضمن میں آصفہ بھٹو زرداری کی جانب سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ آصف علی زرداری کے صدرِ مملکت منتخب ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی نے آصفہ بھٹو زرداری کو اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔
چنانچہ نواب شاہ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 207 میں ہوئے ضمنی انتخاب میں شہید بینظیر بھٹو کی سب سے چھوٹی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب ہوئی تھیں۔قبل ازیں رواں برس مارچ میں صدر منتخب ہونے والے ان کے والد اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے بھی اپنے عہدےکی تنخٰواہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ایوانِ صدر سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے سبب اپنے عہدے کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بعدازاں صدر مملکت کی پیروی کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے بھی اپنے عہدے کی تنخواہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔