چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی نے کوئٹہ کے نواب اکبر بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا اعلان کردیا اور متعلقہ حکام کو اسٹیڈیم کی حالت بہتر بنانے کی ہدایت کر دی۔ چیئر مین پی سی بی محسن نقوی نے کوئٹہ میں بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم کادورہ کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور سینیٹر انوارالحق کاکڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ محسن نقوی نے اسٹیڈیم کے مختلف حصے دیکھے اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگیں گی اور میچ بھی ہوں گے۔
اس موقع پر انہوں نے 3 ماہ میں ا سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا اعلان کیا،انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کوئٹہ کے عوام کے لیے کرکٹ کے ٹورنامنٹس کرائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کوئٹہ اور کرکٹ گراؤنڈ کا دورہ کرنے پر مشکور ہیں، انہوں نے بلوچستان میں کرکٹ کی ترقی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہیڈ کوارٹرز نارتھ فرنٹیئر کور بلوچستان کا دورہ کیا،فرنٹیئر کور نارتھ کے آئی جی میجر جنرل امیر اجمل چودھری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا اور چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یادگار شہداء پرحاٖضری دیتے ہوئے پھول رکھے،فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے میوزیم کا دورہ کیا اور تاریخی نوادرات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا،انہوں نے فرنٹیئر کور نارتھ کے جدید آلات کا بھی معائنہ کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت فرنٹیئر کور نارتھ کے ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا، بلوچستان میں قیام امن کیلئےفرنٹیئر کور نارتھ کی خدمات کو سراہتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ فرنٹیئر کور نارتھ نے بلوچستان میں امن کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔
فرنٹیئر کور نارتھ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بسنے والے محب وطن پاکستانی ہیں،بلوچستان کی پائیدار ترقی کا تعلق پائیدار امن سے جڑا ہوا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو فرنٹیئر کور نارتھ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کے بارے بریفنگ دی گئی جبکہ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔