ایران کے عبوری صدر محمد مخبر نے صدارتی انتخابات 28 جون کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایران کے عبوری صدر محمد مخبر کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پارلیمنٹ کے اسپیکر اور عدلیہ کے سربراہ نے شرکت کی،اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایران میں صدارتی انتخابات 28 جون کو کرائے جائیں گے۔ صدارتی امیداروں کی رجسٹریشن 30 مئی سے 3 جون تک ہوگی۔
جبکہ صدارتی انتخابات کی مہم 12 سے27 جون تک چلائی جائے گی،ایران میں صدارتی انتخابات صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ناگہانی موت کے سبب کیے جارہے ہیں۔ ایرانی حکام نے اس ہیلی کاپٹر حادثہ کی تحقیقات شروع کردی ہے، ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے تحقیقاتی کمیٹی بنادی ہے۔ یہ کمیٹی بریگیڈیئر علی عبداللہی کی سربراہی میں قائم کی گئی۔
کمیٹی کے اراکین نے جائے حادثہ پر پہنچ کر صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کی وجوہات جاننے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق واقعہ کی تحقیقات مکمل ہوتے ہی انہیں عوام کے سامنے لایا جائے گا، ایران کے صدر کا ہیلی کاپٹر اتوار کی دوپہر گرکر تباہ ہوگیا تھا۔
حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا، تاہم تکنیکی خرابی کیا تھی یہ واضح نہیں ہوسکا۔