وزیراعظم شہبازشریف ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ

Prime Minister Shahbaz Sharif left for United Arab Emirates on a one-day visit
وزیراعظم شہبازشریف متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ایک روزہ دورے پر روانہ ہوگئے، جہاں وہ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا یہ پہلا یو اے ای کا دورہ ہوگا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ کابینہ کے اہم وزراء پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے جس میں وفاقی وزرا خواجہ آصف، جام کمال، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

دورے کے وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید سے ملاقات متوقع ہے جبکہ ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تعاون پر گفتگو ہوگی۔دورہ یو اے ای کے دوران اماراتی کاروباری برادری اور مالیاتی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر ایران کے شہر تہران میں تعزیتی تقریب میں شرکت کی تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی تھے۔



اشتہار


اشتہار