وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 12 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹ میں وزارت خزانہ کی سفارشات کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ اگر منظوری دی گئی تو بڑھی ہوئی تنخواہ جولائی 2024 سے نافذ العمل ہو جائے گی تاہم حتمی فیصلے کا اعلان حکومت کرے گی۔
یاد رہے کہ یکم مئی کو لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر مزدوروں کے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ فضول خرچیوں میں بے پناہ کمی لے کرآئیں گے، مشکلات کے باوجود بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف مشن کی آمد سے قبل رواں ماہ کے وسط تک بجٹ اہداف پر کام مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم آفس کی جانب سے بھی معاشی ٹیم کو بجٹ ورکنگ مکمل کرنے کا ٹارگٹ سونپ دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ بنانے کی حکمت عملی پر کام شروع ہو گیا ہے اور 6 بڑے اہداف کا حصول مرکزی نکتہ ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اہداف کے حصول کے لیے آئی ایم ایف حکام کے ساتھ طریق کار طے پا گیا ہے۔ بیرونی قرضوں کی بروقت واپسی پہلا اصول طے پایا ہے،اداروں، بینکوں، دوست ممالک اور بانڈز کے ذریعے حاصل کردہ رقوم ان میں شامل ہیں۔