حج آپریٹرز کی جعلی ویب سائٹس کا انکشاف ہونے کے بعد سعودی عرب نے الرٹ جاری کردیا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج پر زور دیا ہے کہ وہ غیر مجاز حج آپریٹرز اور جعلی ویب سائٹس سے محتاط رہیں, عازمین کو چاہیے کہ وہ سرکاری طور پر منظور شدہ چینلز کو استعمال کریں۔
وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ تسلیم شدہ چینلز سے خدمات حاصل کرنے سے عازمین حج کے حقوق کا تحفظ یقینی ہوتا ہے اور حج کی ادائیگی کا حقیقی موقع ملتا ہے۔ ”ایکس“ اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک اپ ڈیٹ میں ، وزارت نے حج کے انتظامات کے لئے بنیادی منظور شدہ پلیٹ فارم کے طور پر اپنی سرکاری ویب سائٹ "LOCALHAJ.HAJ.GOV.SA" اور گھریلو عازمین کے لئے "نیسک"ایپ کو نمایاں کیا۔
اس کے علاوہ "Nusk-Hajj" پلیٹ فارم سرکاری حج مشنز اور کمپنیوں کے ساتھ ساتھ یورپ، امریکہ، آسٹریلیا اور منتخب ایشیائی اور افریقی ممالک کے عازمین حج کو بھی خدمات فراہم کرتا ہے۔
یہ انتباہ وزارت کی جانب سے گزشتہ ہفتے کیے گئے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں رواں سال عازمین حج کے لیے صحت کی مخصوص ضروریات کی وضاحت کی گئی تھی۔