سعودی عرب نے حج کے موسم میں بھیک مانگنے والے عازمین کو سات سال تک قید کی سزا کا اعلان کیا ہے۔عرب خبر رساں ادارے ”گلف نیوز“ کے مطابق یہ اعلان سعودی پبلک پراسیکیوشن نے ”ایکس“ پر جاری ایک پوسٹ میں کیا۔پوسٹ میں عازمین حج کو غیر مجاز فنڈ ریزنگ سرگرمیوں یا بھیک مانگنے میں ملوث ہونے کے حوالے سے خبردار کیا گیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق، حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا جس میں سات سال قید اور 50 لاکھ ریال تک جرمانہ یا دونوں شامل ہیں۔سعودی پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ مجاز اتھارٹی سے اجازت نامہ حاصل کیے بغیر چندہ مانگنا سختی سے منع ہے۔
اتھارٹی نے مالی فوائد کے لیے دھوکہ دینے یا گمراہ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔