ارجنٹ شناختی کارڈ بنوانے کی مدت میں مزید کمی

Further reduction in the duration of making Urgent ID Card
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈرجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ارجنٹ درخواست پر شناختی کارڈ ڈلیوری کی مدت بغیر کسی اضافی فیس کے مزید کم کردی۔ تفصیلات کے مطابق ارجنٹ شناختی کارڈ کی ڈیلیوری کی مدت 23 دن تھی جس کو کم کرتے ہوئے اب صرف 15 دن کردیا گیا ہے، اس سہلوت سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہری شناختی کارڈ بنوانے کیلئے ارجنٹ درخواست کسی بھی نادرا آفس میں جمع کرواسکتے ہیں، جس کے بعد انہیں صرف 15 دن میں شناختی کارڈ موصول ہوجائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ نادرا کی جانب سے نارمل شناختی کارڈ کے لیے 750 روپے اور ارجنٹ شناختی کارڈ کی فیس 1500 روپے وصول کی جارہی ہے، اس کے علاوہ ایگزیکٹو شناختی کارڈ بنانے کے لیے 2500 روہے بطور فیس مقرر کی گئی ہے۔علاوہ ازیں نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی نے شناختی کارڈ پررہائشی پتہ تبدیل کروانے کے لیے بھی مزید اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

 جس کے تحت ایسے افراد جو اپنی رہائش تبدیل کرچکے ہیں یا اب دوسرے شہروں میں رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں ان کے لیے نادرا کی جانب سے موجودہ پتہ تبدیلی کی درخواست پر کارروائی کو انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے۔نادرا کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پتہ تبدیل کروانے کے لیے ضروری دستاویزات مثلاً کرایہ نامہ، اسی پتہ پر اپنے یا خاندان کے کسی فرد کے نام پر یوٹیلٹی بل یا اسی پتہ پر خاندان کے کسی فرد کا شناختی کارڈ ہمراہ لائیں اور موجودہ پتہ درست کرائیں، اس مقصد کے لیے قریبی نادرا رجسٹریشن سنٹر تشریف لائیں ، لوکیشن کی رہنمائی کے لیے نادرا کی رہبر موبائل ایپ سے مدد لی جاسکتی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ نادرا کا دفتر اب پاکستانی شہریوں کے موبائل فون پر آ گیا ہے کیوں کہ نادرا کی طرف سے پیش کی جانے والی جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شہری اب نا صرف شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات بنوانے کی درخواستوں کے لئے تمام تر کارروائی موبائل فون پر ہی مکمل کر سکتے ہیں بلکہ شناختی کارڈ یا دستاویزات اپنے گھر پر منگوا بھی سکتے ہیں کیوں کہ رواں برس مارچ میں جاری کی گئی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کی بدولت اب پاکستانی شہریوں کو شناختی کارڈاور فیملی رجسٹریشن کارڈ بنوانے کے لئے نادرا دفاتر جانے اور لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔
نادرا کی جانب سے معلوم ہوا ہے کہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں دستاویزات کی شناخت کا نظام اور بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت بھی شامل ہے جن کی بدولت آپ شناختی دستاویزات بنوانے کی کارروائی میں پیش آنے والے تمام مراحل اپنے موبائل فون کے ذریعے ہی مکمل کر سکتے ہیں، مثلاً ضروری دستاویزات اپ لوڈ کر سکتے ہیں، تصویر اور فنگرپرنٹس بنا سکتے ہیں اور ڈیجیٹل دستخط بھی آن لائن درخواست میں شامل کر سکتے ہیں۔



اشتہار


اشتہار