گندم کی فی من قیمت پانچ ہزار روپے مقررکی جائے ‘کسان بورڈ پاکستان

The price of wheat per maund should be set at five thousand rupees, Farmers Board Pakistan
کسان بورڈ پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی فی من قیمت پانچ ہزار روپے مقررکی جائے تاکہ کسان بھی اپنے قرضے اتار سکے ،کسانوں نے اپنی گھریلو چیزیں بیچ کر فصل تیار کی ہے انکا معاشی قتل نہیں ہونے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار کسان بورڈ پاکستان کے صدر سردار ظفر حسین خان ،نائب صدر چوہدری نور الٰہی تتلہ ایڈووکیٹ ،جنرل سیکریٹری کسان بورڈ پاکستان ڈاکٹر عبدالجبار خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت گندم کی فصل پکنے کے بالکل قریب ہے، شور ہے کہ گندم کی قیمت کم کرو جبکہ بیچارے کسان نے اپنی گھریلو چیزیں بیچ کر فصل تیار کی ہے تیل ،کھاد، بیج ،اور آئے روز مہنگی بجلی نے کسان کا کچومر نکال دیا ہے۔جب غریب عوام 6000روپے من آٹا لے رہے ہیں کسی کو غریب کا خیال نہیں آیا لیکن جیسے ہی کسان کی فصل کا ٹائم آتا ہے سب کو غریب یاد آجاتا ہے۔جب ڈیزل کھاد سپرے بیج کا ریٹ بڑھاتے ہیں تو کسان کا خیال نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پر زور مطالبہ ہے کہ کسان کو گندم کی فی من قیمت 5000 روپے دی جائے تاکہ وہ بھی اپنے قرضے اتار سکے بصورت دیگر یہ کسان کا معاشی قتل ہے جو ہمیں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں اور پورے پاکستان میں احتجاج کی کال دی جا سکتی ہے۔



اشتہار


اشتہار