پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے مخالفین کیخلاف اپنی سوشل میڈیا ٹیم لانچ کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ چینل بھی شروع کیا ہے اور بہت زیادہ منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔شیر افضل نے ہفتہ کی شب اعلان کیا کہ میں نے مخالفین کی طرف سے شروع کی گئی بدترین قسم کی میڈیا مہم کو برداشت کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے میڈیا رضاکاروں اور چند میڈیا پرسنز کے علاوہ کسی نے میرا دفاع نہیں کیا۔
انھوں نے کہا کہ ’مجھے گالم گلوچ بریگیڈز کا بھی سامنا ہے اور وہ اب بھی جاری ہیں۔ تمام بری باتیں کہی گئیں اور انہوں نے سوچا ہوگا کہ میں اسے ہضم کر لوں گا لیکن میں نے حساب رکھا ہوا ہے اور ہر ایک کو منافع کے ساتھ اس کا حق بھی ملے گا‘۔ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس پہلے سے ہی دو واٹس ایپ گروپ تھے اور ہم زیادہ تر فیس بک پر فوکس کر رہے تھے۔
میں نے تقریباً 3500 مروتوں (مروت قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد) کو فیس بک سے ٹویٹر اور ٹک ٹاک پر شفٹ کیا ہے اور انہیں ٹریننگ دی گئی ہے۔شیرافضل مروت نے مزید کہا کہ گروپوں میں شامل ہونے کی بارہ ہزار درخواستوں میں سے، ہم نے پہلے ہی 8000 کارکنوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ہم نے واٹس ایپ چینل بھی شروع کیا ہے اور ہم بہت زیادہ منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
شیر افضل مروت کی آن لائن جنگ
حال ہی میں شیر افضل مروت اور عادل راجا کیخلاف شدید آن لائن جنگ دیکھی گئی جبکہ شاید آفریدی کے معاملے پر پی ٹی آئی کی مرکزی سوشل میڈیا ٹیم سے بھی ان کا تصادم ہواواضح رہے کہ اپنی الگ ٹیم لانچ کرنے پر شیر افضل کو پی ٹی ائی کے حلقوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کی کئی دیگر رہنماؤں کی بھی اپنی سوشل میڈیا ٹیمیں ہیں۔شیر افضل مروت کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ ان گروپس کا مقصد ہمارا اور عمران خان کے پیغام کو آگے بڑھانا ہے۔
ہم نہ صرف بدنیتی پر مبنی ہتک عزت کی مہم سے اپنا دفاع کریں گے بلکہ یوٹیوب چینلز سمیت سوشل میڈیا کے ذریعے تمام مخالفین کو بے نقاب کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ گالم گلوچ بریگیڈ کو نہ صرف رپورٹ کیا جائے گا بلکہ ماہرین کی جانب سے یوٹیوب کے ذریعے ان کے گالم گلوچ کا سنجیدگی سے جواب دیا جائے گا۔ میں ٹویٹر اور فیس بک اور ٹک ٹاک پر اپنے گروپس کے ہر ممبر کو کم از کم 20000 فالونگ فراہم کروں گا۔
انھوں نے کہا کہ مجھے اس میڈیا ٹیم کے پس منظر کے بارے میں لوگوں کو بتانے کی ضرورت نہیں ہے اور 5 اپریل سے میری ٹیم میڈیا پر ہر جگہ بات کرے گی۔ ہم پانچ یوٹیوب وی لاگرز کو بھی پروموٹ کریں گے اور بدسلوکی کرنے والوں کو ان کے منہ پر تھپڑ لگے گا۔ ہم 5 اپریل کو ہر جگہ نظر آئیں گے۔