انڈین پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔انڈین ٹی وی کے مطابق سدھو موسے والا کے 60 برس کے والد بلکور سنگھ نے انسٹاگرام پر اپنے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے نومولود کو گود میں اٹھایا ہوا ہے جبکہ ان کے ساتھ سدھو موسے والا کی تصویر بھی ہے۔سدھو موسے والا کے والد نے لکھا کہ سدھو موسے والا کے چاہنے والوں کی نیک تمناؤں کے ساتھ ان کے ہاں شبھدیپ کے چھوٹے بھائی کی آمد ہوئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ماں اور بچہ خیریت سے ہیں۔واضح رہے کہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر خبریں وائرل ہورہی تھیں کہ سدھو موسے والا کی والدہ حاملہ ہیں بعد ازاں سدھو موسے والا کے والد نے ان خبروں کی تردید کی تھی ،آج انہوں نے بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کردی ہے ۔
گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 میں انڈین پنجاب کے ضلع مانسہ میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا اور وہ موقعے پر ہی دم توڑ گئے تھے۔28 برس کے سدھو موسے والا والدین کی اکلوتی اولاد تھے۔انڈین اداروں کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ سدھو موسے والے کے قتل کا ماسٹر مائنڈ بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی تھا جبکہ کینیڈا میں مقیم اس کا قریبی ساتھی گولڈی برار بھی اس کیس میں زیر تفتیش رہا۔