قومی کرکٹر حسن علی کے ہاں ننھی پری کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام انہوں نے ہیزل حسن علی رکھا ہے۔ حسن علی نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو یہ خوشخبری سنائی۔
انہوں نے انسٹاگرام پر پیدائش کے اعلان کی مناسبت سے ’ہلکا گلابی‘ کارڈ شیئر کیا جس میں لڑکی کی پیدائش کا اعلان کیا گیا۔ ساتھ ہی اس کارڈ میں بچی کا نام اور تاریخ پیدائش بھی درج ہے۔ حسن علی کی جانب سے جاری کارڈ میں ننھی پری کا نام ‘ہیزل حسن علی‘ جبکہ تاریخ پیدائش 26 فروری 2024 درج ہے۔
اپنے پیغام میں حسن علی کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ ’’الحمداللہ‘‘ اللہ نے ہمیں آج صبح بیٹی کی نعمت سے نوازا ہے۔ ماں اور بچی دونوں صحت یاب ہیں، مداحوں سے درخواست ہے کہ وہ ہمیں دعاؤں میں یاد رکھیں۔
یاد رہے کہ حسن علی نے 20 اگست 2019 کو بھارتی نژاد سامیہ خان سے دبئی میں شادی کی تھی اس جوڑے کی شادی کو چار سال مکمل ہو چکے ہیں۔ انڈیا سے تعلق رکھنے والی سامیہ خان اور حسن کی مبینہ طور پر 2018 میں دبئی میں ایک قریبی دوست کے ذریعے ملاقات ہوئی تھی اور وہ ایک سال بعد 2019 کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے جبکہ 2021 میں انکے ہاں ننھی پری کی آمد ہوئی جس کا نام ہیلینا رکھا گیا۔