پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عدم استحکام کسی کے مفاد میں نہیں، معاشی خطرات کا تقاضا ہے کہ سب مل کر پاکستان کیلئے کام کریں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا سے نو منتخب آزاد ارکان سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پہلے بھی ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب بھی یہی ترجیح ہے، جن کا ایجنڈا انتشار ہے وہ اب بھی انتشار پھیلا رہے ہیں۔
نوازشریف اپنی ذات اور سیاست کا نہیں، ہمیشہ پاکستان اور عوام کا مفاد سوچتے ہیں، ہم ملک کو کسی نئی مصیبت اور بحران سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی ترقی چاہتے ہیں، خیبرپختونخوا میں ترقی سے ہی دہشتگردی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔پنجاب اور خیبرپختونخوا سے آئے نو منتخب آزاد ارکان نے شہباز شریف سے ملاقات کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ن لیگ میں شامل ہونے والے ارکان میں این اے 92 بھکر سے آزاد امیدوار رشید اکبر نوانی، پی پی 90 بھکر سے احمد نواز نوانی، پی پی 92 اور 93 بھکر سے عامر عنایت شاہانی، پی کے 106 سے حشام انعام اللہ خان، پی کے 82 سے نو منتخب آزاد رکن ملک طارق اعوان شامل ہیں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کے پی سے نومنتخب آزاد رکن صوبائی اسمبلی ملک طارق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملکی ترقی کے لیے کام کیا ہے۔
نوازشریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔آزاد ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ حلقے کے عوام اور سپورٹرز کی مشاورت سے ن میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے پاکستان مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کیلئے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی نے عمر ایوب خان کو مقابلے کیلئے میدان میں اتا را ہے۔ن لیگ کو پیپلز پارٹی،ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔