سندھ ہائیکورٹ کی طرف سے فیس بُک، یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فحش مواد ہٹانے کا حکم دے دیا گیا۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں فیملی وی لاگنگ کے نام پر سوشل میڈیا پر فحش مواد کی موجودگی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے حسن بیگ کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
حکمنامے میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے فیس بُک، ٹک ٹاک، یوٹیوب، اسنیپ چیٹ اور دیگر ایپس سے غیر اخلاقی مواد پر فوری ایکشن لینے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر کو کارروائی کرکے 20 فروری تک رپورٹ پیش کرنے کا بھی کہا ہے۔
دوسری طرف آج سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر بھی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وفاقی و صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی، سیکریٹری دفاع اور سیکریٹری داخلہ سے حلف نامے کے ساتھ جواب طلب کیا گیا ہے۔
عدالت نے لاپتہ شہری کی مکمل ٹریول ہسٹری طلب کرتے ہوئے ملک بھر کے حراستی مراکز سے بھی رپورٹ طلب کرلی۔