پونم پانڈے نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ "میں زندہ ہوں اور بالکل ٹھیک ہوں، میں نے یہ سب سروائیکل کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانے اور اس کینسر کی ویکسین کی تشہیر کرنے کے لیے کیا کیونکہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے کئی لوگ اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
"،اداکارہ نے کہا کہ "کینسر کی دوسری اقسام کے برعکس، سروائیکل کینسر مکمل طور پر روکا جا سکتا ہے، اگر ہمیں شروعات میں اس کینسر کے بارے میں آگاہی مل جائے گی تو ہم بروقت اپنا علاج کرواسکتے ہیں۔اور اس طرح کوئی بھی مریض سروائیکل کینسر کی وجہ سے اپنی جان کی بازی نہیں ہارے گا۔
،آخر میں اُنہوں نے اپیل کی کہ "آئیے، ہم سب ملکر سروائیکل کینسر سے متعلق معلومات لوگوں تک پہنچاتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شعور پیدا ہوسکے"۔پونم پانڈے کے اس ڈرامے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ جلد از جلد اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے کیونکہ انہوں نے موت کا مذاق بنایا ہے۔
واضح رہے کہ 2 فروری کی صبح پونم پانڈے کے آفیشل انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سروائیکل کینسر کی وجہ سے اداکارہ کی موت ہوگئی ہے،پونم پانڈے کی اچانک موت پر بھارتی شوبز انڈسٹری کو گہرا صدمہ پہنچا تھا جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی اداکارہ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا تھا۔
اب اس پوسٹ کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ یہ ایک مہم کا حصہ ہے جو سروائیکل کینسر سے آگاہی پر مبنی ہے,سوشل میڈیا پوسٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ چونکہ جنوری سروائیکل کینسر سے آگاہی کا مہینہ ہے اور بھارتی حکومت نے اسی مناسبت سے ایک مہم کا آغاز کیا تھا ، پونم پانڈے نے بھی اسی مہم میں حصہ لیتے ہوئے یہ پوسٹ جاری کی۔