سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ، اداروں کو الرٹ کر دیا گیا

Rain emergency in Sindh, institutions have been alerted
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔خیبر پختونخوا، آزادکشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان میں اکثر مقامات پر تیزموسلا دھار بارش اورچند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی ہے۔

بالائی سندھ اورپنجاب کے وسطی جنوبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطاق گوادر، کراچی، حیدرآباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، اسلام آباد، ملتان، سیالکوٹ، ناروال اور لاہور میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

شدید بارشوں اور برفباری کے باعث بلوچستان، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزا د کشمیرکے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہے۔ ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں۔متعلقہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صورتحال کی مکمل نگرانی کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔

 ممکنہ خطرے سے دوچار علاقوں میں امدادی ٹیموں، اور مشینری کی بروقت دستیابی کی یقینی بنائیں۔حکام کے مطابق سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے آگاہی ممکنہ موسمی صورتحال سے آگاہی فراہم کریں۔ حکام کے مطابق سیاحوں سے درخواست ہے کہ سفر کے آغاز سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہ رہیں۔

مغربی ہواوں کے طاقتور سسٹم کے تحت آج سے بلوچستان میں مزید موسلادھار بارشیں ہوں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا طاقت ور سسٹم آج مغربی علاقوں میں داخل ہو گا، جس کے تحت آج جمعرات سے یکم مارچ کے درمیان گوادر، پسنی، جیونی، اورماڑہ، کیچ اور پنجگور میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے اس سسٹم کے تحت چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، خاران، واشک، مستونگ، سبی، نصیر آباد، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسی خیل، کوہلو، جھل مگسی اور لورالائی میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے،اس سسٹم کے باعث کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، زیارت میں بارش، جبکہ ان شہروں کے ارد گرد موجود پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔

ان بارشوں سے گوادر، کیچ، پنجگور، آواران، بارکھان، کوہلو، سبی، نصیر آباد اور خضدار کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، کیچ، خانو زئی، جنگل پیرعلیزئی میں موسلا دھار بارش ہوئی۔نوشکی، مستونگ، قلات، مسلم باغ میں بھی بارش جبکہ زیارت، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، کوژک ٹاپ، کان مہتر زئی، خواجہ عمران سمیت بالائی علاقوں میں برف باری وقفہ وقفہ سے جاری رہی۔

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھرمیں جمعرات اورجمعہ کو تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں یکم مارچ کو بارش برسے گی،چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق کراچی میں یکم مارچ کو پورا دن اور رات گئے تک معتدل اور تیزبارش ہو گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےسندھ میں رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے، بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو ہائی الرٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ کل غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے بریفنگ دی، ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شمالی سندھ میں آج رات سے 2 مارچ تک بارش کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں آج سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ سندھ کے وسطی علاقوں میں کل سے بارشوں کی پیشگوئی ہے۔





اشتہار


اشتہار