الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضر 300 ملازمین کو گرفتار کرنے کا حکم

Order to arrest 300 employees absent from election duty

الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضر 300 ملازمین کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ سندھ کے علاقہ سجاول میں الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضر سرکاری ملازمین کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اس حوالے سے سجاول کے حلقے پی ایس 74 سے انتخابات کی ڈیوٹی سے غیر حاضر 300 سے زائد اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ جن ملازمن کے وارنٹ جاری ہوئے ہیں ان میں میڈیکل افسران، اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین شامل ہیں، جن کے بارے میں ریٹرننگ افسران نے حکم دیا ہے کہ ایس ایس پی سجاول تمام غیر حاضر ملازمین کو گرفتار کر کے پیش کریں۔

 خیال رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے جب کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ انتخابات کیلئے چھپوائے گئے26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، ووٹ کیلئے اصلی شناختی کارڈ لازمی ہے، زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جاسکے گا، ملک بھر میں انتخابات کیلئے 7 لاکھ بیلٹ باکس کا انتظام کیا گیا ہے۔

 ووٹنگ کیلئے 2 لاکھ 76 ہزار سے زائد پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، ہر پولنگ بوتھ پر دو بیلٹ باکس رکھے گئے ہیں، ایک بیلٹ باکس میں قومی اسمبلی اور دوسرے میں صوبائی اسمبلی کیلئے ووٹ کاسٹ کیے جائیں گے۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حساس پولنگ بوتھ پر انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے امیدواروں کو غیر ضروری عوامی اجتماع نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے، الیکشن کمیشن کے ملازمین نے ایک محدود وقت میں اپنی محنت اور منظم منصوبہ بندی کے ذریعے اس اہم ذمہ داری کی تکمیل کی۔بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل زمینی اور ہوائی دونوں طریقوں سے مکمل کیا گیا، تمام بیلٹ پیپرز، سرکاری پریس اداروں سے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ان کے نمائندوں کے حوالے کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ اس عمل میں موسم کی خرابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم تمام چیلنجز کے باوجود کمیشن نے وقت پر یہ کام مکمل کیا تاکہ تمام ووٹرز ملکی انتخابات میں بہترین اور منظم طور پر شرکت کر سکیں، ملک بھرمیں 5 لاکھ 52 ہزار بیلٹ باکس استعمال ہوں گے ۔جب کہ ڈیڑھ لاکھ ریزرو رکھے جائیں گے، بیلٹ باکس بھرجانے پر دوسرا بیلٹ باکس فراہم کیا جائے گا، بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے، صوبائی سطح پر سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، مواصلاتی اور ایمرجنسی پلان بھی تیار ہے۔






اشتہار


اشتہار