اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور انتظامیہ نے ایک ہزار روپے کے نوٹ پر اسلامیہ کالج پشاور کی تصویر برقرار رکھنے کی درخواست کر دی۔اسلامیہ کالج یونیورسٹی انتظامیہ نے گورنر اسٹیٹ بینک کو لکھے گئے مراسلہ میں کہا کہ نئے نوٹوں کی چھپائی کا فیصلہ کیا گیا ہے،110سالہ اسلامیہ کالج تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔
مراسلہ میں کہا گیا کہ ایک ہزار روپے کے نوٹ پر 2007 سے اسلامیہ کالج کی تصویر ہے جبکہ 1976 سے 2006 تک 100 روپے کے نوٹ پر اسلامیہ کالج کی تصویرتھی۔اسلامیہ کالج پشاورکی بنیاد 1913 میں صاحبزادہ عبدالقیوم نے رکھی تھی، مراسلہ میں کہا گیا کہ بانی پاکستان قائداعظم نے اس تاریخی درسگاہ کے کئی دورے کیے۔
قائد اعظم نے جائیداد کا ایک تہائی حصہ اسلامیہ کالج کو عطیہ بھی کیا، مراسلے میں استدعا کی گئی کہ 100 اور 1000 کے نئے نوٹوں پراسلامیہ کالج کی تصویر رکھی جائے۔