چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو پولیس نے لاہور کی رہائشگاہ زمان پارک سے گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق زمان پارک کے قرب و جوار میں پولیس کی غیر معمولی نقل وحرکت دیکھی گئی۔ پولیس نے مال روڈ سے دھرم پورہ جانے والی سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں اور ہر قسم کی ٹریفک کو بند کر دیا۔
بتایا گیا ہے کہ ایس پی سول لائن حسن جاوید بھٹی بھی پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ زمان پارک کے قریب موجود ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف کے اہلخانہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو زمان پارک لاہور کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ عمران خان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔
عمران خان نےاسلام آباد ہائیکورٹ کا حکمنامہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو گرفتار کیئے جانے کی تصدیق کر دی ہے ۔ عمران خان کو گرفتاری کے بعد اسلام آباد لے جایا جائے گا، جہاں ان کو جیل میں رکھنے کیلئے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔جج ہمایوں دلاور نے فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ عمران خان پر جھوٹے اثاثے ظاہر کرنے کا الزام ثابت ہواہے، وہ کرپٹ پریکٹس ک مرتکب ہوئے ہیں۔عدالت نے عمران خان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔