بہاولنگر میں پیرا فورس کے اہلکار نے لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بناڈالا، مقدمہ درج

Para-force officer allegedly raped girl in Bahawalnagar, case registered

صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر کے تھانہ سٹی بی ڈویژن کی حدود میں شادی کا جھانسہ دے کر لڑکی کو پیرافورس کے اہلکار کی جانب سے مبینہ طور پر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا، جس پر پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔تھانہ سٹی بی ڈویژن بہاولنگر میں درج ایف آئی آر مقدمہ نمبر 2618/26 اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق مدعیہ عروج فاطمہ نے پولیس کو دی گئی اپنی تحریری درخواست میں بیان کیا کہ وہ کمپیوٹر سائنس کی طالبہ ہے اور تقریباً ایک سال قبل اس کی جان پہچان ملزم حسام سے ہوئی تھی، بعد ازاں فون پر رابطے بڑھنے پر ملزم نے لڑکی کو شادی کا جھانسہ دیا اور مسلسل رابطے میں رہا۔

LOADING...

درخواست گزار نے کہا ہے کہ تقریباً دو ماہ قبل ملزم اسے اپنی فیملی سے ملوانے کے بہانے ماڈل ٹاؤن کے ایک مکان میں لے گیا، جو کہ مکمل طور پر خالی تھا، لڑکی کو مکان میں ایک کمرے میں بٹھا دیا گیا، اور جب اس نے اپنے سسرالیوں کے بارے میں پوچھا تو ملزم نے تسلی دی کہ گھر والے ابھی آ جائیں گے، اس دوران ملزم نے کمرے کا دروازہ اندر سے بند کر دیا، جس پر لڑکی شدید گھبرا گئی، تاہم ملزم نے اسے زبردستی بیڈ پر لٹا کر اس کی مرضی کے خلاف زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد میں اس کے گھر کے قریب چھوڑ کر فرار ہو گیا۔

 متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ اس نے وقوعہ کے بارے میں اپنے بھائی اور والد کو آگاہ کیا، جب متعدد بار ملزم حسام سے شادی کرنے کا کہا گیا تو اس نے صاف انکار کر دیا، ملزم نے جھوٹے دلاسے اور شادی کے بہانے اس کی عزت لوٹی اور جب اس نے مکان سے نکلنے کی کوشش کی تھی تو ملزم نے دھکے دیئے اور مارپیٹ بھی کی۔بتایا گیا ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ سٹی بی ڈویژن پولیس نے سب انسپکٹر شہناز اختر کی مدعیت میں ملزم حسام خلاف بجرم 376 ت پ یعنی زنا بالجبر کے تحت مقدمہ درج کرلیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کا اندراج کرکے تمام تر تفتیش مکمل کی جا رہی ہے اور اسپیشل رپورٹ اعلیٰ افسران کو بھیج دی گئی ہے، جب کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔



حوالہ

اشتہار


اشتہار