کویتی وزیر خارجہ دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے

Kuwaiti Foreign Minister to arrive in Pakistan on two-day official visit
کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح 28 سے 29 جولائی تک پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کویتی وزیر خارجہ دورے کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ جس میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

LOADING...

کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح اپنے دورہ پاکستان کے دوران ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی تعاون، اقتصادی روابط، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو متوقع ہے۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور مشترکہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔

 واضح رہے کہ 18 جولائی کو نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کے کویتی ہم منصب شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔ جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اورخطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔اس موقع پر کویتی وزیر خارجہ نے خطے میں مکالمے کے فروغ اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مصالحتی کردار کو سراہا تھا۔





اشتہار


اشتہار