حکومت نے پاسپورٹ میں اہم فیچرز متعارف کروانے پر غور شروع کر دیا تاکہ اسے جعلسازی سے محفوظ رکھا جا سکے۔نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں دنیا کی معروف بین الاقوامی پاسپورٹ سکیورٹی فیچرز اور اس کی ٹیکنالوجی کی حامل کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
LOADING...
اجلاس میں پاکستانی پاسپورٹ میں جدید ترین سکیورٹی فیچرز شامل کرنے کا جائزہ لیا گیا تاکہ جعلسازی کے خلاف مزید محفوظ، قابل اعتماد اور عالمی معیار کے مطابق مزید بہتر بنایا جا سکےپاسپورٹ میں جدید سکیورٹی فیچرز متعارف کروانے پر غور کیا گیا جو نہ صرف جعلسازی اور فورجری کے امکانات کو ختم کرے بلکہ اس کی عالمی سطح پر قبولیت، فوری تصدیق اور بین الاقوامی سکیورٹی معیارات سے ہم آہنگی کو مزید بہتر کرے گا۔اجلاس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی معروف بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندگان نے جدید پاسپورٹ سکیورٹی فیچرز اور اس سے متعلقہ ٹیکنالوجیز پر جامع پریزنٹیشنز دیں اور اعلیٰ درجہ بندی والے پاسپورٹس میں استعمال ہونے والے سکیورٹی فیچرز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے سینئر افسران، تکنیکی ماہرین اور فرانزک ایکسپرٹس نے بھی شرکت کی۔ شرکا نے پیش کی جانے والی جدید ٹیکنالوجیز کا تفصیلی جائزہ لیا اور ایک جامع سیشن کے ذریعے مختلف تجاویز کا باریک بینی سے تجزیہ کیا۔ محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ سکیورٹی اور جدت کے شعبے میں مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور آئندہ بھی مؤثر روابط اور اشتراک عمل کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔