وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں اپنی سفارتی مصروفیات کے دوران ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کرکے پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کے خصوصی پیغامات ان کے سپرد کر دیئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ایک اہم ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں خطے کی موجودہ حساس صورتحال، دو طرفہ امور اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کا سب سے اہم ترین نقطہ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کے پیغامات کی منتقلی تھا۔
LOADING...
بتایا گیا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے نام بھیجے گئے خصوصی پیغامات باقاعدہ طور پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے حوالے کیے، دونوں رہنماؤں نے پاک ایران دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مسلسل جاری رکھنے پر مکمل اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی گزشتہ روز ایران کے اس اہم دورے پر تہران پہنچے تھے، ان کی ایرانی وزیر داخلہ سے بھی تفصیلی ملاقات ہو چکی ہے، دورے کے آغاز میں محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کی تھی، جس میں خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔