بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں چین قطر سعودی عرب اور ترکی نے سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔حکومت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں سے فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی نجکاری کر رہی ہے اور اس کے 51 سے 100 فیصد شیئرز فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈسکورز کی خریداری کے لیے چین، قطر، سعودی عرب اور ترکیہ نے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
LOADING...
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس سینیٹر افنان اللہ کی زیر صدارت ہوا جس میں نجکاری کمیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی خریداری میں چین، قطر، سعودی عرب اور ترکیہ مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر حصہ لیں گے۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے لیے وفاقی کابینہ نے ٹرانزیکشنز اسٹرکچر کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے لیے چاروں ممالک میں روڈ شوز ہوں گے۔نجکاری کمیشن نے بتایا کہ عالمی اور مقامی سرمایہ کار کو ایک سے زیادہ ڈسکوز کی خریداری کی اجازت نہیں ہو گی۔
حکام نے بتایا کہ فیسکو کی نجکاری کیلیے اظہار دلچسپی کی درخواست 7 جولائی تک دی جا سکتی ہے جب کہ دوسری ڈسکوز کیلیے 6 اگست اور تیسری ڈسکوز کیلیے 7 ستمبر تک درخواست دی جا سکتی ہے۔بریفنگ میں کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ ڈسکوز کا رواں مالی سال اپریل تک 255 ارب تک کا نقصان ریکارڈ ہوا ہے اور مئی جون کے نقصانات کا تخمینہ ابھی لگایا جا رہا ہے، جب کہ گزشتہ مالی سال کے دوران یہ نقصان 357 ارب روپے تھا۔کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ کیسکو کا نقصان 600 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، اس لیے اس کی نجکاری نہیں ہو سکتی۔ پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2300 ارب روپے تھا، جو اب کم ہو چکا ہے۔