آئی سی سی نے خواتین کرکٹرز کے لیے زچگی کے بعد دوبارہ کرکٹ میں واپسی سے متعلق نئی گائیڈ لائنز جاری کر دیں

ICC issues new guidelines for women cricketers returning to cricket after maternity leave
 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے خواتین کرکٹرز کے لیے زچگی کے بعد دوبارہ اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں واپسی سے متعلق نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ آئی سی سی کے مطابق خواتین کرکٹ کے فروغ اور بڑھتے ہوئے پیشہ ورانہ مواقع کے پیش نظر اب زیادہ کھلاڑی اپنے کیریئر کے دوران خاندان شروع کرنے کا انتخاب کر رہی ہیں، اور بچے کی پیدائش کے بعد دوبارہ کھیل میں واپسی کی خواہشمند ہیں۔نئی ہدایات اسی عمل کو محفوظ اور منظم بنانے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ خواتین کھلاڑیوں کی صحت اور فلاح و بہبود اس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور یہ اقدام خواتین کرکٹ کی ترقی کے لیے جاری پالیسیوں کا اہم حصہ ہے۔

LOADING...

نئی گائیڈ لائنز میں رکن ممالک کو مقامی قوانین کے مطابق اپنی پالیسیاں بنانے میں رہنمائی فراہم کی گئی ہے، جبکہ کھلاڑیوں کو جسمانی اور ذہنی طور پر دوبارہ کھیل کے لیے تیار ہونے میں مدد دی جائے گی۔اس مقصد کے لیے 6 مراحل پر مشتمل ایک فریم ورک متعارف کرایا گیا ہے، جس میں تیاری، طبی جائزہ، بحالی، جسمانی ری کنڈیشننگ، کھیل میں واپسی اور مسلسل نگرانی شامل ہیں۔ یہ نظام بچے کی پیدائش کے بعد ابتدائی بحالی سے لے کر مکمل طور پر کرکٹ میں واپسی تک رہنمائی فراہم کرے گا۔ آئی سی سی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی کی رکن اور آسٹریلوی خواتین ٹیم کی ڈاکٹر فلپا اِنج نے ان ہدایات کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔
 
ان کے مطابق اس پالیسی کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ ماں بننا کسی بھی خاتون کرکٹر کے کیریئر کے خاتمے کا نام نہیں۔ ویسٹ انڈیز کی کرکٹر آفی فلیچر، جو 2021ء میں زچگی کے بعد دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئیں، نے اس اقدام کو خواتین کرکٹ کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسیاں کھلاڑیوں کو خاندان اور کیریئر دونوں کو ساتھ لے کر چلنے کا اعتماد فراہم کریں گی جب کہ مضبوط خاندانی اور پیشہ ورانہ سپورٹ کے ساتھ واپسی ممکن ہے۔ آئی سی سی ترجمان کے مطابق خواتین کرکٹ کی تیزی سے ترقی کے پیش نظر یہ ضروری ہے کہ کھلاڑیوں کے لیے ایسا ماحول فراہم کیا جائے جو ان کی زندگی کے ہر مرحلے میں معاون ہو۔






اشتہار


اشتہار