آسٹریلیا میں خوفناک منظر، طوفان سے قبل آسمان کا رنگ حیران کن طور پر تبدیل

Terrifying scene in Australia, the color of the sky changes surprisingly before the storm
آسٹریلیا کے ساحلی علاقے شارک بے میں طاقتور طوفان کے اثرات کے باعث آسمان غیر معمولی طور پر سرخ ہو گیا، جس نے مقامی آبادی میں خوف و حیرت کی لہر دوڑا دی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سائیکلون ناریلے کے زیر اثر تیز ہواؤں نے زمین کی سطح سے آئرن آکسائیڈ سے بھرپور مٹی اور گرد کے ذرات کو بڑی مقدار میں فضا میں بلند کر دیا۔ نتیجتاً چند ہی لمحوں میں دن کی روشنی مدھم پڑ گئی اور پورا علاقہ سرخی مائل اور نارنجی رنگ کے دبیز پردے میں ڈھک گیا۔

LOADING...

مقامی افراد نے اس غیر معمولی منظر کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں گرد و غبار کے گھنے بادل واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ ان بادلوں کے باعث حدِ نگاہ شدید متاثر ہوئی، جس سے شہریوں کو نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔فضا میں گرد کی زیادتی کے باعث ہوا کا معیار بھی متاثر ہوا اور بعض افراد کو سانس لینے میں دشواری پیش آئی۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ منظر کسی غیر حقیقی کیفیت جیسا محسوس ہو رہا تھا، جیسے دن اچانک اندھیرے میں تبدیل ہو گیا ہو۔

موسمیاتی ماہرین نے وضاحت کی ہے کہ شدید ہواؤں کے نتیجے میں مٹی کے باریک ذرات اور آئرن آکسائیڈ فضا میں شامل ہو کر روشنی کے انعکاس کو متاثر کرتے ہیں، جس سے آسمان کا رنگ سرخ یا نارنجی نظر آنے لگتا ہے۔حکومتی حکام نے صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی کھڑکیوں اور دروازوں کو بند رکھنے کی تاکید بھی کی گئی ہے تاکہ گرد آلود ہواؤں کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔محکمہ موسمیات صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے تاکہ بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں اور کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔ 



حوالہ

اشتہار


اشتہار