پاکستانی ہنرمندوں کے لیے یورپ کے دروازے کھل گئے۔ا ٹلی نے پاکستانیوں کے لیے ہزاروں ویزوں کا اعلان کردیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اٹلی کے ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان داخلی سیکیورٹی تعلقات اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اہم ملاقات کے دوران انسداد منشیات، انسانی اسمگلنگ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ دونوں وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
LOADING...
محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان کے مؤثر اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ائیرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر کڑی نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستانی وزارت داخلہ کی مؤثر پالیسی کی تعریف کی اور کہا کہ غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے لیے پاکستانی اداروں کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔ملاقات میں پنجاب پولیس کے افسران نے پولیس خدمت مراکز گلوبل کی افادیت کے بارے میں بریفنگ دی جسے بہت زیادہ سراہا گیا۔اس موقع پر اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس اور سینئر پولیس افسران عابد خان اور سہیل چوہدری بھی موجود تھے۔