ملک کے معروف اداکار خالد حفیظ خان اور نامور شاعر اعتبار ساجد انتقال کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹی وی کے معروف ڈرامہ اداکار خالد حفیظ خان اسلام آباد میں وفات پاگئے، ان کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ مرحوم اداکار کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عصر ایچ الیون کے قبرستان میں ادا کی جائے گی۔خالد حفیظ خان کو پی ٹی وی کے مقبول کامیڈی ڈرامہ گيسٹ ہاؤس میں مسٹر شمیم کا کردار ادا کرکے شہرت ملی، یہ ڈرامہ پی ٹی وی کے کلاسک پروگرامز میں شمار ہوتا ہے جسے ناظرین آج بھی شوق سے یاد کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ خالد حفیظ خان کے انتقال پر شوبز انڈسٹری اور مداحوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔
LOADING...
علاوہ ازیں ملک کے نامور اردو شاعر اعتبار ساجد بھی طویل علالت کے بعد لاہور میں 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، خاندانی ذرائع نے بتایا کہ وہ کچھ عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے ، وہ اپنی رومانوی شاعری اور دل کو چھو لینے والی غزلوں کی وجہ سے پاکستان بھر میں مقبول تھے، انہوں نے شاعری میں محبت، جدائی، انتظار اور انسانی جذبات کو نہایت سادہ مگر گہرے انداز میں پیش کیا، اسی لیے اعتبار ساجد کو جدید اردو شاعری کے اہم اور مقبول شعرا میں شمار کیا جاتا تھا کیون کہ ان کا منفرد اسلوب، نرم لہجہ اور درد سے بھرپور اشعار قارئین کے دلوں میں خاص مقام رکھتے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ اعتبار ساجد ایک ماہر تعلیم بھی تھے، جنہوں نے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد تدریس کے شعبے سے وابستگی اختیار کی، وہ بلوچستان کے گورنمنٹ کالج نوشکی میں لیکچرار رہے اور بعد ازاں اسلام آباد میں طویل عرصے تک طلبہ کو پڑھاتے رہے، ، ان کے معروف شعری مجموعوں میں دستک بند کواڑوں پر، آمد، وہی ایک زخم گلاب سا اور مجھے کوئی شام ادھار دو شامل ہیں، انہوں نے نثر میں بھی کام کیا اور بچوں کے لیے لکھی گئی ان کی کتابوں میں راجو کی سرگزشت، آدم پور کا راجہ، پھول سی ایک شہزادی اور مٹی کی اشرفیاں شامل ہیں۔